( سعید احمد ) وزیر ریلوے شیخ رشید کا ریٹائرمنٹ کے منتظر 100 ٹرین ڈرائیورز کی نوکری میں ایک سال کی توسیع کا فیصلہ جبکہ واشنگ لائن میں کام کرنیوالے ٹی ایل اے کے ملازمین کو عید سے قبل مستقل کرنے کا اعلان بھی کردیا۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئی فریٹ ٹرینیں چلانے جا رہے ہیں، مسافر ٹرینوں کو تین سے چھ ماہ تک رینوویٹ کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میانوالی ایکسپریس کے افتتاح کے بعد مسافر ٹرینوں کا ہدف پورا کر دیا ہے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ کے منتظر 100 ٹرین ڈرائیورز کی نوکری میں ایک سال کی توسیع کررہے ہیں، انہوں نے ریلوے ملازمین کی تنخواہ میں ہر چھ ماہ بعد دس فیصد اضافہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپوزیشن رہنماؤں کو خاموش رہنے کا مشورہ دے دیا، کہا کہ جو زیادہ چیخ رہا ہے اسکا کیس اتنا کمزور ہے، اگر زیادہ چیخے تو جلدی نمبر لگ جائے گا۔ انہوں نے وزیراعظم اور آرمی چیف کے بیک وقت امریکہ میں ہونے کو اچھے نتائج کا پیش خامہ قرار دیا۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پرائیوٹ سیکٹر والے اپنے انجن لا کر اپنی ٹرین چلانا چاہتے ہیں، جس کیلئے وہ وزیرآباد میں اپنا ہیڈ کوارٹر بنانا چاہ رہے ہیں جبکہ امریکہ سے بند فیکٹریوں سے جی انجن خریدے گئے۔ عمران خان سے کہا ہے کہ اس کیس کو ٹرمپ کے ساتھ اٹھایا جائے۔