علی ساہی: پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے ورچوئل سنٹر فار ایجوکیشنل سکیورٹی قائم کر دیا ہے۔
سیف سٹیز حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد سکولز اور کالجز میں سکیورٹی کی صورتحال کی مسلسل نگرانی اور فوری ردِعمل کو یقینی بنانا ہے۔
حکام نے بتایا کہ سکولوں اور کالجوں کے اساتذہ اور سکیورٹی سٹاف کو باقاعدہ طور پر سسٹم میں رجسٹر کر لیا گیا ہے۔ رجسٹرڈ اساتذہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ دن میں تین بار سکیور یا اِن سکیور اسٹیٹس اپ لوڈ کریں گے، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی بروقت نشاندہی ہو سکے۔
سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق جہاں سے بھی اِن سکیور اسٹیٹس موصول ہوگا، وہاں فوری طور پر متعلقہ پولیس کو الرٹ کیا جائے گا اور موقع پر بروقت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید برآں تعلیمی اداروں میں پنک بٹن بھی نصب کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رابطہ ممکن ہوگا۔
حکام کے مطابق اب تک 30 ہزار سے زائد تعلیمی اداروں کو اس جدید سسٹم میں رجسٹر کیا جا چکا ہے، جبکہ ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد اساتذہ کا بھی اندراج مکمل ہو چکا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں میں نصب سکیورٹی کیمروں کو لائیو مانیٹرنگ کے لیے سیف سٹیز سسٹم کے ساتھ انٹیگریٹ کیا جا رہا ہے۔
سیف سٹیز حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات طلبہ، اساتذہ اور تعلیمی عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کی جانب ایک مؤثر قدم ہیں اور اس نظام کے ذریعے کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی بروقت روک تھام ممکن بنائی جا رہی ہے۔