ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

فیشن انڈسٹری سوگوار، لیجنڈری ڈیزائنر ویلنٹینو گاراوانی انتقال کر گئے

فیشن انڈسٹری سوگوار، لیجنڈری ڈیزائنر ویلنٹینو گاراوانی انتقال کر گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: دنیا بھر میں فیشن کے شعبے میں انقلاب برپا کرنے والے معروف اطالوی فیشن ڈیزائنر ویلنٹینو گاراوانی 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی تصدیق ان کی فاؤنڈیشن کی جانب سے کی گئی ہے۔

 فاؤنڈیشن کے مطابق ویلنٹینو گاراوانی اپنی رہائش گاہ پر انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آ سکی۔

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ مرحوم کی آخری رسومات بدھ اور جمعرات کو ادا کی جائیں گی،ان کے انتقال پر فیشن انڈسٹری، معروف شخصیات اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، اُن کے ساتھ جڑے لوگوں کا کہنا تھا ویلنٹینو گاراوانی کا جانا فیشن کی دنیا کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

  ویلنٹینو گاراوانی کو فیشن کی دنیا میں ان کے مشہور رنگ "ویلنٹینو ریڈ" کی وجہ سے خاص پہچان حاصل تھی،  بتایا جاتا ہے کہ اس رنگ کا خیال انہیں بارسلونا کے اوپیرا ہاؤس میں ایک معمر خاتون کو دیکھ کر آیا، جن کی سادگی اور وقار نے نوجوان ویلنٹینو کو بے حد متاثر کیا۔

یہ رنگ پہلی بار 1959 میں ایک اسٹریپ لیس کاک ٹیل ڈریس کے ذریعے فیشن کی دنیا میں متعارف کرایا گیا اور بعد ازاں یہی رنگ ویلنٹینو برانڈ کی شناخت بن گیا، ویلنٹینو نے اپنی ہر کلیکشن میں کم از کم ایک سرخ لباس ضرور شامل کیا۔
انہوں نے اپنی 2022 میں شائع ہونے والی کتاب "Rosso (Red)" میں لکھا’میرے خیال میں سرخ لباس میں ملبوس عورت ہمیشہ شاندار لگتی ہے، وہ ایک ہیروئن کی مکمل تصویر ہوتی ہے۔‘

ویلنٹینو کا شمار اٹلی کے ان عظیم ڈیزائنرز میں ہوتا ہے جو اس دور سے تعلق رکھتے تھے جب فیشن ایک مکمل فن سمجھا جاتا تھا، نہ کہ صرف کاروبار، وہ جورجیو آرمانی اور کارل لیگر فیلڈ کے ہم عصر تھے اور اس نسل کے آخری نمایاں ڈیزائنرز میں شمار کیے جاتے تھے۔

انہوں نے فیشن کی بلندیوں کو چھوتے ہوئے تاریخ رقم کی اور پیرس کے خصوصی ہاؤٹ کاؤچر ریمپس پر جگہ بنانے والے پہلے اطالوی ڈیزائنر بنے۔

انہوں نے معروف اداکارہ الزبتھ ٹیلر کے لیے شادی کا لباس ڈیزائن کیا اور متعدد آسکر ایوارڈ یافتہ اداکاراؤں، جن میں شیرون اسٹون اور پینیلوپ کروز شامل ہیں، کی پہلی پسند بنے، انہوں نے جیکی کینیڈی سمیت دنیا کی کئی بااثر خواتین کے لیے بھی ملبوسات تیار کیے۔

ویلنٹینو گاراوانی نے اپنے نام سے ایک عالمی فیشن ایمپائر قائم کیا، جسے انہوں نے 2008 میں ریٹائرمنٹ سے قبل فروخت کر دیا تھا۔