ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

آرلینڈو ایئرپورٹ پر 200 مسافروں کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

آرلینڈو ایئرپورٹ پر 200 مسافروں کا طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر آرلینڈو میں یونائیٹڈ ایئرلائن کا ایک مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا۔ طیارے میں 200 مسافر اور 6 کریو ممبران سوار تھے، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

تفصیلات کے مطابق یونائیٹڈ ایئرلائن کی فلائٹ 2323 شکاگو کے اوہیئر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آرلینڈو پہنچ رہی تھی کہ لینڈنگ کے وقت طیارے کو مکینیکل خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث ایمرجنسی صورتحال پیدا ہو گئی۔ طیارہ پہلے پچھلے پہیوں کے ساتھ رن وے پر اترا، مگر چند لمحوں بعد اس کا نوز وہیل ٹوٹ کر الگ ہو گیا اور رن وے پر لڑھکتا ہوا دکھائی دیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں طیارے کو غیر متوازن حالت میں دیکھا جا سکتا ہے، تاہم پائلٹ نے پیشہ ورانہ مہارت اور حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو قابو میں رکھا اور بحفاظت روک لیا، جس سے سینکڑوں مسافروں کی جانیں محفوظ رہیں۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق واقعے کے بعد طیارہ رن وے پر رکنے کے باعث فضائی آپریشن عارضی طور پر متاثر ہوا اور متعدد پروازوں میں تاخیر ہوئی۔ مسافروں کو بعد ازاں بسوں کے ذریعے بحفاظت ٹرمینل منتقل کر دیا گیا۔

 حکام نے طیارے کی تکنیکی خرابی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ طیارے کو بعد میں رن وے سے ہٹا دیا گیا۔