ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

میچ 3 اور سکور 100۔۔ صاحبزادہ فرحان ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کے قریب

میچ 3 اور سکور 100۔۔ صاحبزادہ فرحان ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کے قریب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)پاکستان کے اوپننگ بیٹسمین صاحبزادہ فرحان نے نمیبیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں شاندار سنچری اسکور کی۔ اس سنچری نے انہیں ویرات کوہلی کے عالمی ریکارڈ کے قریب پہنچا دیا ہے۔ انہیں اب کوہلی کو پیچھے چھوڑنے کے لیے 100 رنز درکار ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 8 میچز میں پاکستان کو تین میچز کھیلنے ہیں۔ فرحان کے پاس اس دوران کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کا نادرموقع ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی بلے باز صاحبزادہ فرحان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں صفر پر آؤٹ ہوئے تھے جس کے بعد انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ فرحان نے اپنے ناقدین کو نظر انداز کیا اور نمیبیا کے خلاف کرو یا مرو میچ میں سنچری بنا کر اگلے میچ پر توجہ مرکوز کی۔ فرحان کی سنچری نے پاکستان کو سپر 8 میں جگہ بنانے میں مدد کی۔ اگر پاکستان یہ میچ ہار جاتا تو ورلڈ کپ سے باہر ہو جاتا۔ اس سنچری کے ساتھ فرحان ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کے قریب  ہیں اور وہ سپر ایٹ میں کوہلی کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔ صاحبزادہ فرحان نے اننگز کے آغاز میں ہی نمیبیا کے گیند بازوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے صرف 57 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی۔ یہ جیت اس لئے بھی زیادہ اہم تھی کہ اگر پاکستان یہ میچ ہار جاتا تو امریکہ 2024 کی طرح سپر 8 کے لیے کوالیفائی کر چکا ہوتا۔فرحان کی اننگز نے ٹورنامنٹ میں پاکستان کو نئی زندگی دی ۔ اس سنچری کے ساتھ فرحان موجودہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے۔ ان کے چار میچوں میں 220 رنز ہیں۔ اب، انکی نظریں ویرات کوہلی کے تاریخی ریکارڈ پر ہیں، جو انہوں نے 2014 کے ورلڈ کپ میں قائم کیا تھا۔ فرحان کو کوہلی کا ریکارڈ توڑنے کیلئے صرف 100 رنز درکار ہیں۔ ان کی موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے سپر 8 کے میچوں میں یہ ہدف مشکل نہیں لگتا۔ اس وقت تلکارتنے دلشان اور بابر اعظم اس فہرست میں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔بھارتی بیٹسمین ویرات کوہلی نے 2014 میں 319 رنز (ایک سیزن میں سب سے زیادہ) بنائے۔ اور اب صاحبزادہ فرحان نے 2026 میں 220 رنز (اب تک) بنائے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستانی ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم کی فارم تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ تین اننگز میں صرف 66 رنز بنانے والے بابر کی ٹیم میں جگہ پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ پاکستان کو سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے کے لیے اپنے گروپ میں سرفہرست دو ٹیموں میں شامل ہونا ضروری ہے۔ بابر اعظم کے بیٹنگ آرڈر کو نمیبیا کے خلاف میچ میں نیچے کردیا گیا اور تین وکٹیں گرنے کے بعد بھی وہ بلے بازی کے لئے نہیں آئے ۔ اب ان کی جگہ فخر زمان کو شامل کرنے کے مطالبات تیز ہوگئے ہیں۔ تجربہ کار باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو نمیبیا کے خلاف پلیئنگ الیون سے ڈراپ کر دیا گیا۔ ایسے اشارے ہیں کہ پاکستان آئندہ میچوں میں بھی یہی حکمت عملی اپنا سکتا ہے۔