ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

’’ دہی‘‘کھانے کے کیا فائد ے ہیں؟جانیے

’’ دہی‘‘کھانے کے کیا فائد ے ہیں؟جانیے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 ویب ڈیسک :ماہرینِ غذائیت کا کہنا ہے کہ دہی نہ صرف ایک سادہ اور عام خوراک ہے بلکہ انسانی صحت کے لیے بے شمار طبی فوائد بھی رکھتی ہے۔

  جس کے باقاعدہ استعمال سے نظامِ ہاضمہ بہتر ہوتا اور جسمانی قوتِ مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے۔

  طبی ماہرین کے مطابق دہی میں موجود مفید بیکٹیریا آنتوں کی صحت کو بہتر بناتے ہیں اور معدے کی خرابی، تیزابیت اور بدہضمی جیسے مسائل میں نمایاں کمی لاتے ہیں۔

 غذائی ماہرین کے مطابق دہی کیلشیم، پروٹین، وٹامن بی ٹو اور وٹامن بی بارہ سے بھرپور ہوتی ہے، جو ہڈیوں کو مضبوط بنانے اور پٹھوں کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،  بڑھتی عمر کے افراد اور بچوں کے لیے دہی کا استعمال خاص طور پر مفید ہے کیونکہ یہ ہڈیوں کی کمزوری اور دانتوں کے مسائل سے بچاؤ میں مدد دیتی ہے۔

 طبی تحقیق کے مطابق دہی دل کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوتی ہے کیونکہ یہ کولیسٹرول کی سطح کو متوازن رکھنے میں مددگار ہوتی ہے،  روزانہ مناسب مقدار میں دہی کھانے سے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے، اس کے علاوہ گرمیوں کے موسم میں دہی جسم کو ٹھنڈک فراہم کرتی ہے اور پانی کی کمی سے بچانے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

 ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ دہی جلد کے لیے بھی مفید غذا ہے کیونکہ اس میں موجود قدرتی اجزاء جلد کو نرم، شفاف اور تروتازہ رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔  بعض ماہرین دہی کو قدرتی پروبائیوٹک قرار دیتے ہیں جو جسم کے اندر نقصان دہ جراثیم کے خلاف حفاظتی کردار ادا کرتی ہے۔

 غذائی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ دہی کو متوازن غذا کا حصہ بنایا جائے تاہم ضرورت سے زیادہ استعمال سے گریز کیا جائے۔  خاص طور پر ان افراد کو احتیاط کرنی چاہیے جنہیں دودھ یا لیکٹوز سے الرجی ہو، تازہ اور خالص دہی کا استعمال ہی زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے،  جبکہ مصنوعی فلیور یا اضافی چینی والی دہی صحت کے فوائد کم کر سکتی ہے۔

 طبی ماہرین نے اس بات پر زور دیا کہ قدرتی غذاؤں کو روزمرہ خوراک میں شامل کرنا مجموعی صحت بہتر بنانے کا مؤثر اور سادہ طریقہ ہے،  دہی اس ضمن میں ایک بہترین انتخاب ثابت ہو سکتی ہے۔