راؤ دلشاد : پی پی 180 قصور سے کامیاب امیدوار احسن رضاخان اور پی پی 128جھنگ فور سے کرنل (ر) غضنفر قریشی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف سے احسن رضاخان اور کرنل (ر)غضنفر قریشی کی ملاقات ہوئی، جہاں دونوں آزاد امیدواروں نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مریم نوازشریف نے احسن رضاخان اور کرنل (ر)غضنفر قریشی کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خیرمقدم کیا اور مبارک دی۔
آزاد ارکان نے مریم نوازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حلقے کے عوام اور سپورٹرز کی مشاورت سے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ احسن رضاخان اور کرنل (ر)غضنفر قریشی نے مریم نوازشریف کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد ہونے پر مبارک دی۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ آپ کی حمایت ملک کو تباہی سے ترقی کی طرف واپس لائے گی، انتشار ختم کرکے پاکستان کو استحکام کی طرف لے جاناچاہتے ہیں۔ پنجاب کی ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کی جامع حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی ترقی، تعمیر، عوام کی خوش حالی کی روایت کو نئے جذبے سے آگے بڑھائیں گے۔