(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے کہ پر امن ماحول میں صاف شفاف انتخابات کرائے،رانا ثنا اللہ کاکہناتھا کہ صدر مملکت کے حکم کی کوئی اوقات نہیں۔
صدر عارف علوی کی جانب سے الیکشن کی تاریخ سامنے آنے پر اعظم نذیر تارڑ نے 24 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن کو لاجسٹک سپورٹ کی بھی ضرورت ہے،الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ تمام سٹیک ہولڈرز کیساتھ مشاورت کرے،وزیر قانون نے کہاکہ جب صرف دو اسمبلیوں کے انتخابات ہونگے تو شور مچایا جائے گا کہ وفاق مداخلت کر رہا ہے،قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات سے 80 سے 90 ارب روپے کی بچت ہوگی۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہناتھا کہ صدر مملکت کے حکم کی کوئی اوقات نہیں،صدر مملکت کا حکم وزیر اعظم کی ہدایت کے بغیر آیا جسکی کوئی حیثیت نہیں،جیل بھرو تحریک تب ہوگی جب عمران خان خود گرفتاری دے گا،تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار نہیں کیا جائے گا۔
راناثنا اللہ کاکہناتھا کہ عارف علوی تحریک انصاف کے کارکن سے آگے بڑھے ہی نہیں،عمران خان کا پلستر جیل جاکر ہی اترے گا،قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات نگران حکومت کی زیر نگرانی اکٹھے ہونے چاہئیں،آڈیو لیک کی تحقیقات ہونی چاہیں مگر اس کے مضمرات بھی دیکھنے چاہیں،ذمہ دار عہدوں پر بیٹھے ہوئے لوگ ان آڈیوز میں ملوث ہیں تو انکی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں۔