(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت گرانے کیلئے پی ڈی ایم رہنماؤں میں رابطے تیز ہوگئے، مولانافضل الرحمان کا میاں نوازشریف اور آصف علی زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ، لانگ مارچ کو جلد نتیجہ خیز بنانے پر اتفاق، سینیٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔
سینیٹ کے انتخابی دنگل سے قبل جوڑ توڑ عروج پر پہنچ گیا، جہانگیر ترین کے بعد پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری بھی متحرک ہوگئے، انہوں نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے ٹیلیفون کرکے یوسف رضا گیلانی کیلئے حمایت مانگ لی، ٹیلیفونک رابطے میں دونوں رہنمائوں کے درمیان سینیٹ انتخابات کے حوالے سے اہم مشاورت ہوئی اور پی ڈی ایم تحریک کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا، حکومت کو مزید ٹف ٹائم دینے پر اتفاق رائے ہوا۔
پیپلز پارٹی ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے نواز شریف سے یوسف رضا گیلانی کی بھرپور حمایت مانگی جس پر مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف نے یوسف رضا گیلانی کی حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے، سابق وزیراعظم نواز شریف نے آصف علی زرداری کے ذریعے یوسف رضا گیلانی کو جاتی امراء کی بھی دعوت دی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ یوسف رضا گیلانی جلد رائیونڈ جائیں گے اور مریم نواز سے ملاقات بھی کریں گے۔