طیب سیف :پی ٹی آئی نے ضمنی انتخابات میں نااہل ہونیوالے ارکان کے قریبی رشتہ داروں کو ہی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق بانی تحریک انصاف نے پارٹی کو ہدایت دی ہے کہ نااہل ہونے والے ارکان اسمبلی کے خاندان کے افراد کو ہی ٹکٹ دیا جائے۔ پہلی ترجیح ان کی بیویوں کو دی جائے گی، اگر اہل خانہ دلچسپی نہ لیں تو نا اہل کئے گئے ارکان جسے کہیں اس شخص کو ٹکٹ دیا جائے گا۔ بصورت دیگر پولیٹیکل کمیٹی امیدوار کا فیصلہ کرے گی۔
اس سے پہلے پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ وہ نا اہل کئے گئے ارکان اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن نہ لڑنے کے متعلق غور کر رہے ہیں۔
اب یہ بتایا جا رہا ہے کہ پی ٹی آئی تمام نشستوں پر ضمنی الیکشن لڑے گی۔
پارٹی کی پولیٹیکل کمیٹی تمام امیدواروں کی فہرست مرتب کر کے بانی تحریک انصاف کو بھجوائے گی اور ان کی منظوری کے بعد باقاعدہ ٹکٹوں کا اعلان کیا جائے گا۔