حسن علی: شہر میں ہونے والی بارش نے جہاں پورے شہر کو ڈبو دیا وہیں بادامی باغ سبزی و فروٹ منڈی کو بھی متاثر کیا، منڈی کے آڑھتی کہتے ہیں کہ جب بھی بارش ہوتی ہے انکا کروڑوں روپے کا نقصان ہوتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جوتے خوبصورت دکانوں جبکہ پھل اور سبزیاں کیچڑ اور گندے پانی کے پاس فروخت کئے جاتے ہیں، اس کا اندازہ حالیہ بارش سے بادامی باغ روڈ سبزی و فروٹ منڈی کی حالت زار کو دیکھ کر بخوبی لگایا جا سکتا ہے جہاں نکاسی آب نہ ہونے کے باعث ہمیشہ کی طرح شہر میں ہونے والی حالیہ بارش نے تباہی مچا دی اور سبزی و فروٹ منڈی میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا۔
منڈی کے اطراف سیوریج سسٹم ناقص ہونے کے باعث برساتی پانی کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں، منڈی میں صفائی کا بھی مناسب انتظام نہیں جس کے باعث بارش میں گندگی کیچڑ کی شکل اختیار کر جاتی ہے، برساتی پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث منڈی میں خریداری کے لئے آنے والے پریشان دکھائی دیتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جب بھی بارش ہوتی ہے منڈی کا یہی حال ہو جاتا ہے، آڑھتیوں کا کہنا ہے کہ کئی مرتبہ متعلقہ اداروں کو منڈی کی حالت بہتر کرنے کے لئے درخواستیں دیں لیکن کہیں شنوائی نہیں ہوئی، کئی دھائیوں سے منڈی کا یہی حال ہے، منڈی کی حالت کو سنوارنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے۔
مارکیٹ کمیٹی کے چیئرمین ملک وقار کا منڈی کی حالت کے حوالے سے کہنا تھا کہ منڈی کی حالت کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں اور آئندہ سال مون سون میں منڈی کی یہ حالت نہیں ہو گی۔ بادامی باغ سبزی و فروٹ منڈی کی حالت کو بہتر کرکے شہریوں کو معیاری اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق سبزیاں اور پھل فراہم کئے جا سکتے ہیں۔