وقاص احمد:لاہور کے علاقے ہنجروال کے قریب کیمیکل فیکٹری میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق کولنگ کا عمل جاری ہے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہنجروال میں پینٹ فیکٹری میں لگنے والی آگ کے مقام کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ آگ فیکٹری میں موجود سامان میں لگی، تاہم واقعے کی حتمی وجوہات کا تعین تاحال جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فیکٹری میں موجود کیمیکلز کے باعث آگ کی شدت میں اضافہ ہوا، جس کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
خیال رہے کہ حالیہ پینٹ فیکٹری میں لگنے والی آگ نے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق فیکٹری میں فائر ہائیڈرنٹ سسٹم سرے سے فعال نہیں تھا، جبکہ آگ بجھانے کے بنیادی آلات بھی موجود نہیں تھے۔ حفاظتی نظام کی عدم موجودگی کے باعث ریسکیو 1122 پنجاب کو آگ پر قابو پانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔