لاہور میں دھرنا ختم، کالعدم تحریک لبیک کی قیادت کا اہم اعلان

لاہور میں دھرنا ختم، کالعدم تحریک لبیک کی قیادت کا اہم اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (عابد چودھری )کالعدم تحریک لبیک کے مطالبے کی روشنی میں حکومت نے قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرار داد پیش کردی ،اہم شق پر پیشرفت کے بعد کالعدم تحریک لبیک نے احتجاج اور دھرنا ختم کر دیا۔جس کے بعد لاہور میں ملتان روڈ پر مسجد رحمت ا للعالمین کے باہر دھرنا ختم کر دیا گیا.

تفصیلات کے مطابق کالعدم تحریک لبیک کا لاہور میں جاری دھرنا ختم کردیا گیا،ٹی ایل پی کے مطالبے کی روشنی میں حکومت نے قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرار داد پیش کردی گئی،کالعدم تحریک لبیک نے حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کر دیا, مجلس شوری کے رکن شفیق امینی نے مرکزی دھرنے کے شرکا سے خطاب میں احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا.

شفیق امینی کا کہنا تھا کہ حکومت نے فرانس کے سفیر سے متعلق قرار داد قومی اسمبلی میں پیش کرکے اپنا وعدہ پورا کیا جبکہ دیگرمعاملات پر بھی مثبت پیش رفت ہوئی ہے،دھرنا ختم ہو گا تو گرفتار کارکنان رہا کئے جائیں گے،ان کے اعلان پرکارکنان پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔

دھرنا ختم ہونے پر یتیم خانہ،سکیم موڑ اور سمن آباد کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا،ملتان روڈ پر کھڑے کنٹینرز،ٹینکرز اور دیگر رکاوٹوں کو بھی ہٹا دیا گیا،شہر میں سات روز بعد انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی مکمل بحال کر دی گئی۔انٹرنیٹ کی بندش سے بچوں کی آن لائن کلاسز میں تعطل رہا جبکہ موبائل سروس بند رہنے کے باعث شہریوں کو رابطوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

 واضح رہے فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے مسئلہ کئی روز سے ملک بھر اور خصوصاً لاہور کے ملتان روڈ پر معمولات زندگی درہم برہم تھے،کشیدہ صورتحال میں جانی و مالی نقصان بھی ہوا۔حالات سعد رضوی کی گرفتاری کے بعد زیادہ خراب ہوئے،حکومتی سطح پر صورتحال پر قابو پانے کی کوششیں بھی کی گئیں۔علما نے بھی اپنا کر دار ادا کیا،جیل میں سعد رضوی سے علما اور حکومتی وفود ملاقاتیں کرتے رہے اور آخر کار پیر اور منگل کی درمیانی شب مذاکرات رنگ لائے ۔

آخری مذاکرات وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کی سربراہی میں حکومتی وفد نے کئے ۔مذاکرات میں ہونے والے نئے معاہدے کی روشنی میں حکومت نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلا کر فرانسیسی سفیر کی ملک بدری اور خاکوں کی مذمت کی قرار داد پیش کی۔

دریں اثنا  قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری سے متعلق قرار داد میں لکھا گیا کہ ’’یہ ایوان متنازع فرانسیسی میگزین چارلی ہیپڈو کی طرف سے یکم ستمبر 2020 کو ناموس رسالت کی گستاخی اور توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی پر زور مذمنت کرتا ہے‘‘ ۔

فرانسیسی میگزین کی طرف سے پہلی بار 2015 میں پیغمبر اسلام کے گستاخانہ خاکے شائع کرکے پوری دنیا کے مسلمانوں کی طرف سے شدید غم وغصے کے اظہار کیا۔ ایک بار پھر عالمی سطح پر مذہبی ہم آہنگی اور امن کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

M .SAJID .KHAN

Content Writer