سٹی 42: پی سی بی سکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے افتتاحی میچ میں بیکن ہاؤس سکول نے ایچیسن کالج کو 20 رنز سے شکست دے دی۔
قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ایچیسن کالج نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا بیکن ہاؤس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے اور ایچیسن کالج کو جیت کے لیے 245 رنز کا ہدف دیا۔
بیکن ہاؤس کی جانب سے یعقوب خان نے 51، رائے علی امجد نے 47 اور عبدالرمیض نے 37 رنز بنا کر نمایاں بیٹنگ کی ایچیسن کالج کی جانب سے حسن مدثر نے 28 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مغیث واصف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں ایچیسن کالج کی ٹیم 224 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی محمد سفیان نے 50، ذوالنورین نے 43، داؤد توقیر نے 39، عبد الواسع نے 32 اور عمر راشد نے 31 رنز بنائے۔
بیکن ہاؤس کی جانب سے سلکندر علی اور حماد یونس نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شہریار بھٹی، رائے علی امجد، عبدالرمیض اور ہارون ندیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کے اختتام پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ہمراہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور چیف سیکریٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اس موقع پر پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں میں بھی خصوصی ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔