سٹی 42 : بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے چتکان میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکنِ بلوچستان اسمبلی میر رحمت صالح بلوچ کا بھائی جاں بحق ہو گیا۔
پنجگور پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت ولید صالح بلوچ کے نام سے ہوئی ہے جو نیشنل پارٹی کے رہنما حاجی صالح محمد کے بیٹے اور ضلع پنجگور کے ڈسٹرکٹ چیئرمین مالک صالح بلوچ، رکن بلوچستان اسمبلی رحمت صالح کے چھوٹے بھائی تھے۔
پولیس نے بتایا کہ واقعہ اتوار کی شام ان کے رہائشی علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے ولید صالح پر اُس وقت فائرنگ کی جب وہ اپنے گھر کے قریب موجود تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ حملہ آور جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے محرکات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکے، تاہم مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے پنجگور واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے پنجگور میں ایم پی اے رحمت صالح بلوچ کے بھائی ولید صالح کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے جاں بحق ہونے والے ولید صالح کے لواحقین سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔