ویب ڈیسک: ریونیو بڑھانے کے لیے حکومتِ پنجاب نے کئی مؤثر اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرِ صدارت ریونیو کلیکشن سے متعلق خصوصی اجلاس میں سپیشل یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں فیکٹوریل، ٹیکس کنسلٹنٹس، لیگل ایکسپرٹس، اور ڈیٹا اینالسٹ شامل ہوں گے۔
اس یونٹ کا مقصد ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا اور ریونیو کے حصول میں تیزی لانا ہوگا۔ریونیو اتھارٹی میں 130 انفورسمنٹ آفیسرز کی بھرتی کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے، جبکہ پی آر اے کا دائرہ کار بڑھا کر 30 اضلاع تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے لیے 30 اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔
اضلاع کی سطح پر ریونیو امور کی مؤثر نگرانی کے لیے اے ڈی سی جی کو اضافی ذمہ داریاں تفویض کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پی آر اے نے ایک سہولت ایپ بھی متعارف کروا دی ہے، جس کے ذریعے شہری آسانی سے ٹیکس سے متعلق معلومات اور خدمات تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت دی ہے کہ ایماندار ٹیکس دہندگان کو بلاوجہ پریشان نہ کیا جائے، جبکہ ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لیے نئے 19 سیکٹرز شامل کرنے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ٹیکس نظام میں شفافیت یقینی بنانے پر زور دیا اور ڈی جی پی آر اے معظم علی سپرا نے اجلاس میں ٹیکس اہداف پر تفصیلی بریفنگ دی۔