ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کے بیان پر باضابطہ ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان پی سی بی نے کہاکہ بورڈ کو صدر اے سی سی جے شاہ کے بیان پر حیرت اور مایوسی ہوئی ہے، یہ بیان اے سی سی بورڈ یا پی سی بی سے مشاورت کے بغیر دیا گیا ہے، سوچے سمجھے بغیر دیے گئے اس بیان کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
پی سی بی کے مطابق جے شاہ کا پاکستان سے ایونٹ منتقلی کا بیان یکطرفہ ہے، ایونٹ کے منتقلی کا بیان آئی سی سی اور اے سی سی کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے، اس بیان سے 2023 میں بھارت میں شیڈول ورلڈکپ اور 2024 سے 2031 تک بھارت میں شیڈول آئی سی سی کے ایونٹس میں پاکستان کی شرکت پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ انہی کی صدارت میں منعقدہ اے سی سی اجلاس میں ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے سپرد کی گئی تھی جب کہ تاحال اے سی سی کے صدر کے بیان پر اے سی سی سے کوئی باضابطہ وضاحت موصول نہیں ہوئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ انہوں نے اے سی سی سے اس اہم اور حساس معاملے پر ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔خیال رہےکہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے اعلان کیا ہےکہ 2023 کے ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ نے کہا کہ اگلے برس ایشیا کپ نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔خیال رہےکہ پاکستان نے ون ڈے فارمیٹ کے ایشیاکپ کی میزبانی اگلے برس ستمبر میں کرنی ہے۔