(قیصر کھوکھر) سیکرٹری قانون بہادر علی خان پنجاب کے مہنگے ترین سیکرٹری بن گئے، سیکرٹری قانون بہادر علی خان کی تنخواہ چیف سیکرٹری پنجاب سے بھی زیادہ ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری قانون بہادر علی خان کی ماہانہ تنخواہ ساڑھے سات لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، سیکرٹری قانون کو ماہانہ 1 لاکھ 42 ہزار روپے ہاؤس رینٹ بھی ملے گا جبکہ گھر کے بجلی گیس اور پانی کے بل حکومت ادا کرے گی۔ سیکرٹری قانون کو 2 گاڑیاں سرکاری طور پر ملیں گی، ایک گاڑی دفتری استعمال کیلئے جبکہ دوسری گاڑی دورے کیلئے ہوگی، سیکرٹری قانون کو میڈیکل صوبائی وزیر کے برابر ملے گا، بہادر علی خان کو ماہانہ پنشن ایک لاکھ روپے سے زائد اس سے الگ ملتی ہے۔
محکمہ قانون نے سیکرٹری قانون کی تنخواہ اور دیگر مراعات کا کیس محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو بھیج دیا ہے، محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے سیکرٹری قانون کو ایم پی ون پیکیج دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ 24 اکتوبر کو وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بہادر علی خان کو سیکرٹری قانون تعینات کرنے کی منظوری دی تھی، نذیر احمد گجانہ کے سبکدوش ہونے کے بعد سیکرٹری قانون کی آسامی کچھ عرصہ سے خالی پڑی تھی، بہادر علی خان یکم ستمبر کو رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھےاور بعد میں ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی تعینات ہوئے، ان کا شمار فرض شناش اور قابل جوڈیشل افسران میں ہوتا ہے۔