(راؤ خالد) پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی پنجاب سے خواتین کی مخصوص نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی کی موجودہ رکن قومی اسمبلی ثمینہ خالد گھرکی کے گھر آمد ، اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔
ملاقات کے دوران پارٹی امور پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ، اس موقع پر پیپلزپارٹی کی قیادت نے پارٹی کے تنظیمی معاملات اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا ۔ملاقات کے دوران خواتین ونگ وسطی پنجاب کی سرگرمیوں اور سیاسی روابط پر بھی مشاورت کی گئی ۔
واضح رہے کہ ثمینہ خالد گھرکی اس سے قبل 2002 اور 2008 میں بھی لاہور سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہو چکی ہیں اور وفاقی کابینہ میں ماحولیات، سماجی بہبود و خصوصی تعلیم، اور قومی ثقافتی ورثہ کی وفاقی وزیر کے طور پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔
یاد رہے کہ ثمینہ خالد گھرکی پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینئر رہنما، سابق وفاقی وزیر اور قومی اسمبلی کی رکن ہیں۔ وہ پی پی پی کی خواتین ونگ (وسطٰی پنجاب) کی صدر بھی رہ چکی ہیں اور لاہور (خاص طور پر ڈیفنس) میں ان کی رہائش گاہ سیاسی سرگرمیوں کا مرکز رہی ہے۔
دسمبر 2025 میں صدر آصف علی زرداری نے بھی ثمینہ خالد گھرکی کے گھرکا دورہ کیا تھا اور ان کے بیٹے کی شادی پر مبارکباد پیش کی تھی،صدر نے ان کی پارٹی خدمات اور قومی اسمبلی میں کردار کی تعریف کی تھی۔