طاہر جمیل:ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے واہگہ زون کے علاقے لکھو ڈیر کا دورہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام اور انسداد پولیو مہم کے تحت جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران نکاسی آب اور واٹر سپلائی سکیموں پر جاری کام کا معائنہ کیا گیا جبکہ نیسپاک حکام نے ترقیاتی منصوبوں کے کوالٹی چیکس پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے پولیو مہم کے دوسرے روز مختلف سکولوں میں بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کے عمل کا بھی جائزہ لیا اور شدید گرمی کے باوجود پولیو ورکرز کے جذبے اور محنت کو سراہا۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ باہمی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبے بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیے جا سکیں۔
کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری منصوبے پائیدار اور طویل المدتی عوامی فائدے کیلئے مکمل کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شدید گرم موسم میں پولیو ورکرز کی خدمات قابلِ تحسین ہیں اور ان کی محنت سے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنایا جا رہا ہے۔