سٹی 42 : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قطر کے سفیرعلی مبارک علی عیسی الخطیر کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات سمیت دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیرداخلہ محسن نقوی کے حالیہ دورہ قطر کے حوالے سے گفتگو ہوئی ۔ اس کے علاوہ پاکستان اور بھارت کے مابین سیز فائر کے بعد کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی ۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے اور ہم خطے میں پائیدار امن چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قطر کا حالیہ دورہ انتہائی کامیاب رہا، قطر کے وزیر اعظم، نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے ساتھ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں انسدادِ منشیات، انسداد دہشتگردی، سیکورٹی تعاون اور تربیتی پروگرامز پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی ۔ محسن نقوی نے کہا کہ تمام شعبوں میں قطر کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا پاکستان کی ترجیح ہے۔
قطر کے اعلی حکام نے فالواپ وزٹ پر جلد پاکستان آنے پر اتفاق کیا ہے، وفاقی سیکرٹری داخلہ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد بھی قطر کا دورہ کرے گا، وفد میں وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں کے سربراہاں شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قطر پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار ہے، قطر کے ساتھ تعلقات کو قابلِ فخر اثاثہ سمجھتے ہیں۔
وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔