(ویب ڈیسک)شہر میں بجلی کی اعلانیہ، غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے سے تجاوز کرگیا، بجلی کی بندش سے شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوگئے۔
ایک طرف گرمی کی شدت ہے تو دوسری جانب بجلی کی کئی گھنٹے تک لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، لیسکو کو اس وقت ایک ہزار تین سو میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے جس کی وجہ سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا شیڈول بنایا گیا، تاہم اس پر بھی عمل نہیں ہوسکا، اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ دس گھنٹے تک جاپہنچا ہے۔
بجلی کی فراہمی 3900 جبکہ طلب 5170 میگاواٹ تک ہو چکی ہے،طویل لوڈشیڈنگ کے باعث شہری حکومت کا آڑے ہاتھوں لیتے نظر آتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے رات کو سونا مشکل ہو گیا ہےجبکہ پانی کی قلت سمیت دیگر مسائل کا بھی سامنا ہے۔بجلی کی طویل بندش کے بارے میں لیسکو کی جانب سے تاحال واضح موقف سامنے نہیں آ سکا ہے۔
شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں اور لیسکو کی نااہلی کی وجہ سے ٹرانسفارمرز جلنے کے سبب بھی صارفین پریشان نظر آتے ہیں۔