ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور میں کورونا وائرس کے 503 نئے کیس، تعداد 7612 ہوگئی

لاہور میں کورونا وائرس کے 503 نئے کیس، تعداد 7612 ہوگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قیصر کھوکھر، علی ساہی) چین کے صوبے ووہان سے جنم لینے والےخطرناک وائرس کورونا نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، اور دنیا بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد  48 لاکھ 19 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 3 لاکھ  16 ہزار سے تجاوز کر گئی تاہم دنیا بھر میں کورونا سے 18 لاکھ 64 ہزار سے زائد مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد پاکستان میں  کورونا وائرس تیزی سے پھیلنا شروع ہوگیا، گزشتہ 24   گھنٹوں میں مزید مریض سامنے آنے کے بعد پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد 43 ہزار 933 ہوگئی، کورونا وائرس اب تک 939 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے جبکہ ملک بھر میں 12 ہزار 489 مریضوں نے اپنے طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت اس وائرس کو شکست دے دی ہے۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق لاہورمیں کورونا کے 503 نئے مریض سامنے آگئے، جس کے بعد شہر میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 7612 ہوگئی جبکہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 762 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد  کنفرم مریضوں کی تعداد 15 ہزار 346 ہوگئی، پنجاب میں کورونا وائرس سے اب تک کل 260 اور لاہور میں 97 اموات ہوچکی ہیں، اب تک کل 168940 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب آئی جی آفس کی انویسٹی گیشن برانچ میں 11  ملازمین کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے، پنجاب ہائی وے پٹرول ہیڈ کوارٹرزمیں کام کرنے والے 33 افسران اور ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کروائے گئے، انویسٹی گیشن برانچ میں بھی 100 کے قریب ملازمین کے ٹیسٹ کروائے گئے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب حکومت نے تین دن  کا سخت لاک ڈاؤن بھی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، اب پورا ہفتہ مارکیٹیں، بازار اور شاپنگ مالز  صبح 8سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے، تاہم کاروباری اداروں کیلئے ایس او پیز کا سختی سے نفاذ کرنا لازمی ہوگا۔

Sughra Afzal

Content Writer