سٹی 42 : مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند نظر نہ آنے کے باقاعدہ اعلان کے باوجود ضلع باجوڑ، خیبر ، بنوں اور کرک میں کل عید کے اعلانات کر دیئے گئے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند نظر نہ آنے کے باقاعدہ اعلان کے باوجود ضلع باجوڑ کی مختلف مساجد سے کل بروز جمعہ عیدالفطر منانے کے اعلان کئے گئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق باجوڑ کے مختلف علاقوں میں مساجد کے لاؤڈ سپیکرز پر کل بروز جمعہ 20مارچ کو عید الفطر منانے کے اعلانات کئے گئے جس کے بعد مقامی سطح پر کل عید منانے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں خیبر میں اعلان میں کیا گیا ہے کہ خیبر باڑہ برقمبرخیل امن چوک ڈاکٹر جان محمد کلی مسجد میں کل عیدالفطر کا نماز 7:00 ادا کی جائے گی۔
کرک کی مقامی رویت ہلال کمیٹی نے کل بروز جمعہ 20 مارچ کو عید الفطر کا اعلان کر دیا۔
واضح رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک بھر میں کہیں بھی چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے ہفتہ 21 مارچ کو عید الفطر منانے کا اعلان کیا ہے۔