سعید احمد:عیدالفطر قریب آتے ہی پردیسیوں کی اپنے آبائی شہروں کو واپسی کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے، جس کے باعث لاہور ریلوے اسٹیشن پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق تمام ٹرینوں کی بکنگ 100 فیصد مکمل ہو چکی ہے، جبکہ مسافروں کو ٹکٹوں کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کوچز کی کمی اور حالیہ ڈی ریلمنٹ واقعات کے باعث ٹرینوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔
پاکستان ریلوے عید کے موقع پر بھی ٹرینوں کے نظام الاوقات کو معمول پر لانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ مختلف شہروں خصوصاً کراچی اور کوئٹہ سے آنے والی ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہیں۔
عوام ایکسپریس، 7 گھنٹے 20 منٹ تاخیر کی شکار،علامہ اقبال ایکسپریس: 10 گھنٹے ،خیبر میل: 4 گھنٹے 45 منٹ،گرین لائن، 2 گھنٹے 10 منٹ جبکہ تیز گام ایکسپریس، 1 گھنٹہ 30 منٹ سے زائد تاخیر کا شکار رہی۔
ٹرینوں کی مسلسل تاخیر کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی، انتظار اور سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔