شہزاد خان: ملک میں چاول کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث یہ عام صارفین کی قوتِ خرید سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔ مختلف اقسام کے چاول کی قیمتوں میں اضافے نے گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ بڑھا دیا ہے۔
لاہور کی مارکیٹ میں سپر کرنل چاول 10 روپے اضافے کے بعد 430 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ کائنات باسمتی چاول کی قیمت 520 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح مختلف برانڈز کے پیکنگ والے چاول 580 سے 640 روپے فی کلوگرام کے درمیان فروخت کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث صارفین کو مہنگے داموں چاول خریدنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب ٹوٹا چاول بھی مہنگا ہو گیا ہے اور یہ 250 سے 280 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اشیائے خور و نوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے روزمرہ اخراجات میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ چاول جیسی بنیادی غذائی شے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ تشویش کا باعث بن رہا ہے۔