طاہر جمیل: ستھرا پنجاب ایجنسی لاہور کی جانب سے محرم الحرام صفائی پلان پر عملدرآمد جاری ہے، جس کے تحت امام بارگاہوں کی واشنگ، جلوسوں کے روٹس کی صفائی اور دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ستھرا پنجاب ایجنسی کی آپریشن ٹیموں نے امام بارگاہ بخاری ہاؤس، بابِ رضا، امام بارگاہ دارالحسین اور امام بارگاہ زیدی ہاؤس کی واشنگ مکمل کر لی ہے۔ اس کے علاوہ حسینی ٹرسٹ جامعۃ المنتظر، امام بارگاہ کنیزان زینب، امام بارگاہ مسجد قصد عباس اور عزاخانہ پانڈو سٹریٹ میں بھی صفائی اور واشنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
ادھر امام بارگاہ گلستان بتول سید مٹھا بازار، لاہور منڈی اور چوک جھنڈا سمیت مختلف مقامات پر صفائی ستھرائی کا کام جاری ہے جبکہ موری گیٹ اور امام باڑہ دربار حسین کے اطراف واشنگ اور راستوں کی صفائی کا عمل بھی جاری رکھا گیا ہے۔
کربلا گامے شاہ، محلہ شیعاں، چوک نواب صاحب، چوہٹہ مفتی باقر، بازار سریاں والا، کسری بازار، رنگ محل، بازار سداگراں، موچی گیٹ، لال کھوہ اور مغل حویلی سمیت مختلف علاقوں میں ستھرا پنجاب کی ٹیمیں تعینات ہیں اور صفائی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی کے مطابق جلوسوں کے روٹس پر موجود کنٹینرز کو بروقت کلیئر کیا جا رہا ہے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو اور محرم الحرام کے دوران صفائی کے بہترین انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔