شہباز علی:حکومت پنجاب کے پروگرام "کھیلتا پنجاب" کے تحت آج شہباز شریف اسٹیڈیم، چائنہ اسکیم میں روایتی کشتیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں نامور پہلوان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ اس ایونٹ کا مقصد پنجاب کی روایتی کھیلوں کی ثقافت کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔
ریسلنگ فیڈریشن کے صدر چوہدری ارشد ستار کی ہدایت پر معروف ریسلر مہر اکرم عرف کالا پہلوان کشتیوں کے انعقاد کی نگرانی کریں گے۔ ایونٹ میں مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے پہلوان اکھاڑے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے، جبکہ شائقین کے لیے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کی توقع کی جا رہی ہے۔
مقابلوں میں سخی پہلوان، مالو خان، ماما پہلوان اور گونگا پہلوان سمیت دیگر معروف پہلوان ایکشن میں نظر آئیں گے۔ انتظامیہ کے مطابق ہر کشتی کے اختتام پر کامیاب پہلوان کو مہر اکرم عرف کالا پہلوان کی جانب سے انعامات بھی دیے جائیں گے تاکہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
ایونٹ کے انتظامات میں کوچ فرید علی، بشیر بھولا بھالا، لالہ شاہد، ہرا پہلوان، ارشد خان اور ببا پہلوان مہر اکرم عرف کالا پہلوان کی معاونت کریں گے۔ اس کے علاوہ جہان خان، وحید قینچی والا، عباس قصوریا، تنویر سنیارا اور چوہدری مرتضیٰ بھی انتظامی امور میں شریک ہوں گے۔
مزید برآں عامر بلوچ، بابا پہلوان، مہر وقاص پہلوان، مہر شہزاد پہلوان، مالو خان اور بڑا مالو بھی ایونٹ کے انعقاد اور انتظامی معاملات میں معاونت کریں گے تاکہ مقابلے خوش اسلوبی سے مکمل کیے جا سکیں۔
منتظمین کے مطابق روایتی کشتیوں کے یہ مقابلے کھیلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل کو پنجاب کی ثقافتی ورثے سے روشناس کرانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔