(ویب ڈیسک) انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید تگڑا ہو گیا ۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری روز کا آغاز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت 228 روپے 91 پیسے کے ساتھ ہوا جبکہ اختتام 229 روپے 15 پیسے پر ہوا ہے، دن بھر میں ڈالر کی قدر میں تقریباً24 پیسے کا اضافہ ہوا ہے ، دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی دیکھی گئی ہے، اعدادو شمار کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے مہنگاہوا جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 239 روپے 50 پیسے پر پہنچ گئی ہے ۔
روپے کے مقابلے میں باقی کرنسیوں کی بات کی جائے تو اوپن مارکیٹ میں یورو 271 روپے 50 پیسے ، برطانوی پاونڈ ایک روپے مہنگا ہونے کے بعد 309 روپے پر پہنچ گیا ہے، امارتی درہم کی قدر میں 40 پیسے کا اضافہ ہے جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں درہم کی قیمت 69 روپے 40 پیسے ہو گئی ہے، سعودی ریال کی قیمت میں 30 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا ہے ، جس کے بعد 67 روپے پر پہنچ گیا ۔
معاشی ماہرین کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے 4 روز میں انٹربینک میں ڈالر1 روپےمہنگا ہوا ہے ، جبکہ درآمدی بل اور بیرونی قرض کی ادائیگی کی وجہ سے روپے پر پریشر بڑھ رہا ہے ۔
پاکستان سٹاک ایکس چینج کی بات کی جائے تو سٹاک مارکیٹ میں کاروباری روز کا اختتام مثبت اعشارئیوں پر ہوا ہے ، 100 انڈیکس 40 پوائنٹس اضافے سے 38831 کی سطح پر بند ہوا ہے ، دن بھر میں سٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاو جاری رہا ، ایک وقت میں ہنڈرڈ انڈیکس نے 39 ہزار کی حد بھی عبور کر لی تھی، مارکیٹ میں 6.40 ارب روپے مالیت کے 15.7 کروڑ شئیرز کے سودے ہوئے،
مجموعی طور پر دن بھر میں351 کمپنیوں کے شئیرز میں لین دین ہوا، 160 کمپنیوں میں تیزی جبکہ 167 میں مندی کا رجحان رہا۔