’’وسیم اکرم پلس‘‘ کے اقتدار کو خطرہ بڑھ گیا

’’وسیم اکرم پلس‘‘ کے اقتدار کو خطرہ بڑھ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی حکومت کیلئے خطرہ بڑھ گیا،اتحادیوں نے ہٹانے کیلئے تیاری مکمل کرلی ۔

ذرائع کے مطابق تبدیلی کا آغاز اگلے ہفتے سے شروع ہو سکتا ہے، اپوزیشن کے تعاون سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ پرویز الٰہی کی جیب میں موجود ہے جب کہ پی ٹی آئی کا کہنا ہےکہ باتیں ہوا ہوجائیں گی، پنجاب اور مرکز  میں 5سال پورے کر کے دوبارہ آئیں گے۔

انگریز ی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق تیاری 100فیصد مکمل ہے اور کسی بھی لمحے پنجاب میں وزیر اعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد آسکتی ہے کیونکہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی تبدیلی کا مطالبہ نہ صرف اپوزیشن کررہی ہے بلکہ اتحادی اور پی ٹی آئی کے بھی متعدد ارکان کررہے ہیں اور وفاقی وزیر فواد چوہدری کے وزیراعلیٰ پنجاب کے متعلق دیے گئے بیان کے بعد مطالبے میں شدت آگئی ہے۔

مسلم لیگ ن کو ملا کر پنجاب حکومت تبدیل کرنے کے لیے صرف 12ووٹ درکار ہیں،جو چوہدری پرویز الٰہی کے 10 اور اوکاڑہ سے جگنو محسن اور ملتان سے قاسم عباس کو ملاکر سادہ اکثریت بن جاتی ہے اور بدلے میں پرویز الٰہی وزارت اعلیٰ کے حق دار قرار پائیں گے، اس وقت 368 کے ایوان میں حکومت کے 195اور اپوزیشن کے 173ووٹ ہیں،ق لیگ کے ایک رہنما نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ جو بات چیت چل رہی ہے اس کے مطابق وزیر اعلیٰ ہمارا ہوگا۔

اس حوالے سے  سینئر تجزیہ کار سلیم بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے یہ خبر اتنی غلط بھی نہیں۔اعلیٰ حکومتی اجلاسوں میں بھی یہ ڈسکشن چل رہی ہے،اگر پنجاب میں عثمان بزدار کو ہٹایا جاتا ہے تو چودھری پرویز الٰہی سے بہتر چوائس کوئی بھی نہیں ہوسکتی۔ن لیگ بھی چودھری پرویز الٰہی کو آفر کرچکی ہے۔

گروپ ایڈیٹر ڈیلی سٹی 42 نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خبر پہلے موجود تھی اب تصدیق ہوگئی ہے کہ ن لیگ اور ق لیگ مل کرحکومت بنا سکتی ہیں۔نمبر گیم بھی پوری ہے تبدیلی کسی وقت بھی ہوسکتی ۔میرے خیال میں اس وقت تبدیلی ضروری ہوچکی ہے،پنجاب تو پنجاب صرف لاہور کو ہی دیکھ لیں کے حالات بہت برے ہوچکے ہیں۔عثمان بزدار کے خلاف فواد چودھری ہی نہیں بول رہے پی ٹی آئی کے ایم پی ایز بھی ان کے خلاف بات کررہے ہیں۔

سینئر تجزیہ کار نسیم زہرہ نے کہا ہے کہ جس اخبار کی طرف سے پنجاب میں تبدیلی کا دعویٰ کیا جارہا ہے اسی اخبار نے خبر لگائی ہے کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا عثمان بزدار پر مکمل اعتماد ہے اور وہ ان کی تعریف بھی کرتے ہیں اور ان کو ہٹانے والے نہیں ہیں۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer