ویب ڈیسک : کوئٹہ میں ڈرائیور کی بیٹی ماریہ شمعون نے پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرلیا۔
ماریہ شمعون نے کارنامہ انجام دیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کیلئے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے حالیہ امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
میسحی برادری سے تعلق رکھنی والی ماریہ کہتی ہیں کہ کم آمدنی کے باوجود والدین نے 8 بچوں کو پڑھانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ انہوں نے کہا کہ ناکامیوں کے باوجود والدین اور بہن بھائیوں نے ہمیشہ حوصلہ بڑھایا۔
ماریہ شمعون کا کہنا تھا کہ 'میں خدا کی شکر گزار ہوں جس نے میری دعائیں اور عبادتیں قبول کیں۔ اس کے بعد تمام کریڈٹ میرے والدین کو جاتا ہے اور میں ان کو سیلوٹ پیش کرتی ہوں۔'
وہ کہتی ہیں کہ ’ناکامی کا سامنا بہت کرنا پڑا لیکن والدین اور بہن بھائیوں کی حوصلہ افزائی سے کبھی بھی ہمت نہیں ہاری اور ہر بار پہلے سے زیادہ محنت کی جس کی وجہ سے اسسٹنٹ کمشنر کی پوسٹ کے لیے امتحان میں پاس ہونے والے امیدواروں میں پہلے نمبر پر آئی۔‘
انہوں نے کہا کہ ہمارا خاندان بڑا تھا لیکن کم آمدنی کے باوجود والدین نے تین بھائیوں سمیت آٹھ بچوں کو پڑھانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ 'کوئی ہمارا گھر آ کر دیکھے تو اس کی حالت اتنی اچھی نہیں۔ انہوں نے ہماری آسائش پر بہت زیادہ خرچے نہیں کیے لیکن سب کچھ ہماری تعلیم پر لگا دیا۔سب سے پہلے میں اپنے خدا کی شکر گزار ہوں۔ فرنٹ پر ہم بہن بھائی ہیں لیکن ہمارے اصل ہیروز ہمارے والدین ہیں۔ میرے والدین بہت وژنری تھے۔ وہ ہمیں اپنا اصل سرمایہ سمجھتے تھے۔
واضح رہے فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے سی ایس ایس کے فائنل نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ نتائج کے مطابق سی ایس ایس تحریری امتحان میں 17 ہزار 240 امیدواروں نے حصہ لیا، 365 طلبہ و طالبات تحریری امتحان پاس کر سکے، انٹرویو کیلئے 349 طلبا نے کوالیفائی کیا جبکہ انٹرویو کیلئے کوالیفائی کرنے والوں میں 218 مرد اور 131 خواتین امیدوار شامل تھے۔ فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے 207 امیدواروں کی تقرری کی سفارش کی، جن امیدواروں کی تقرری کی سفارش کی گئی ان میں 134مرد جبکہ 73خواتین شامل ہیں اور کامیابی کی شرح 2.02 فیصد رہی۔