زاہد چوہدری : گرینڈ ہیلتھ الائنس پاکستان نے ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف 11 مارچ کو وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ تک احتجاجی مارچ کا اعلان کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق گرینڈ ہیلتھ الائنس پاکستان کے صدر ڈاکٹر حامد بٹ نے اعلان کیا ہے کہ ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف 11 مارچ کو وزیر اعلیٰ ہاوس تک احتجاجی مارچ ہوگا ،جس میں صوبے بھر سے ڈاکٹرز سمیت ہیلتھ ورکرز کی بڑی تعداد شریک ہوگی ۔ ڈاکٹر حامد بٹ نے کہا ہے کہ حکومت ہسپتالوں کی نجکاری سے باز رہے اور ہیلتھ پروفیشنلز کو تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کے ساتھ شعبہ صحت کے ورک چارج ، ایڈہاک اور کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرے ۔
دوسری جانب کورونا کے وار جاری ، چوبیس گھنٹوں کے دوران مہلک وائرس سے مزید 7 مریض دم توڑ گئے، 280 نئے مریضوں کی تصدیق، سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا کے 255 مریض داخل ، 108 آئی سی یو اور حالت تشویشناک ہونے پر 14 مریض وینٹیلیٹر پر ہیں ۔
کورونا وائرس کی شدت بدستور برقرار ہے ۔ شہر میں کورونا وائرس کے مزید 280 مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے،اور 7 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، جن میں سے میو ہسپتال اور جناح ہسپتال میں کورونا کے 2,2 مریض دم توڑ گئے ،جبکہ سوشل سکیورٹی ہسپتال ملتان روڈ ، ڈاکٹرز ہسپتال اور نیشنل ہسپتال میں کورونا کا ایک ایک مریض زندگی کی بازی ہار گیا ۔سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے 158 مریض داخل ہیں، جن میں سے 77 آئی سی یو اور 10 وینٹیلیٹر پر ہیں ۔ پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے داخل 97 مریضوں میں سے 31 آئی سی یو اور 4 وینٹیلیٹر پر زیر علاج ہیں ۔