سٹی 42 : پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنادیا، ساتھ ہی حملہ آور چاروں دہشتگردوں کو بھی جہنم واصل کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں خارجی دہشتگردوں نے بویا میں سیکورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ کردیا، دہشتگردوں نے کیمپ کی سیکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، اسی دوران سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی سے حملہ ناکام بنا دیا۔ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے چاروں دہشتگرد ہلاک کردیئے۔
بزدل خودکش حملہ آوروں نے بارودی گاڑی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کی وجہ سے دیوار گر گئی۔ دیوار گرنے سے قریبی آبادی اور مسجد کو نقصان پہنچا، حملے کے باعث 15 مقامی شہری شدید زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
بزدل دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے چار جوان شہید ہوگئے۔
1۔ حوالدار محمد وقاص، ضلع کوٹلی کے رہائشی، شہادت کا رتبہ پا گئے۔
2۔ نائیک خانویز، ضلع مانسہرہ کے رہائشی، وطن پر قربان ہوئے۔
3۔ سپاہی سفیان حیدر، ضلع وہاڑی کے رہائشی، جام شہادت نوش کر گئے۔
4۔ سپاہی رفعت، ضلع لیہ کے رہائشی، دفاع وطن میں شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ افغانستان میں موجود خوارج نے منصوبہ بند کیا، افغان طالبان کے اس دعوے کی نفی کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو رہی۔
پاکستان نے خوارج، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے خلاف کارروائی کا حق محفوظ رکھا، پاکستان کی سلامتی اور عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔