ملک اشرف : لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 میں ترامیم کیخلاف درخواستیں، ہائیکورٹ نے حکومت پنجاب کو جواب جمع کروانے کیلئے 22 دسمبر تک کی مہلت دے دی۔
جسٹس سلطان تنویر احمد نےاپویشن لیڈر معین الدین ریاض قریشی اور جماعت اسلامی کی جانب سے درخواستوں پر سماعت کی ۔سماعت کے آغاز پر درخواستگزاروں کی جانب سے کیس کی سماعت کیلئےلارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا کی گئی، جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔درخواستگزارکےوکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن اپنے صوابدیدی اختیارات کے تحت جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کرا سکتا ہے اور عدالت اس اہم آئینی معاملے پر فیصلہ دے۔ جسٹس سلطان تنویر احمد نے کہا کہ حکومت جواب داخل کرائے، عدالت اس کے بعد فیصلہ کرے گی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ حکومت نے بنایا ہے، اس سے الیکشن کمیشن کا کوئی تعلق نہیں۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کرنے کی استدعا کی۔دوسری جانب حکومت پنجاب کے وکیل نے جواب داخل کرانے کیلئے مہلت طلب کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ عدالت نے مزید سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کر دی۔