ویب ڈیسک: ایکواڈور میں بڑھتے ہوئے پُرتشدد واقعات کے دوران سابق قومی فٹبالر اور بارسلونا ڈی گویاکیل کے معروف ڈیفینڈر ماریو پینیڈا ایک حملے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
پولیس کے مطابق 33 سالہ فٹبالر کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ایکواڈور پولیس نے بتایا کہ واقعے میں ایک اور شخص بھی ہلاک جبکہ ایک تیسرا زخمی ہوا ہے۔ وزارتِ داخلہ نے ماریو پینیڈا کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے واقعے کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں، جبکہ بارسلونا ڈی گویاکیل کلب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پینیڈا کی موت پر کھلاڑیوں اور مداحوں میں گہرے دکھ کی لہر دوڑ گئی ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گویاکیل کے شمالی علاقے سمانیس میں پیش آیا۔ ڈیجیٹل نیوز آؤٹ لیٹ کے مطابق موٹر سائیکلوں پر سوار دو حملہ آوروں نے ماریو پینیڈا، ان کی والدہ اور ایک خاتون پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں فٹبالر موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ماریو پینیڈا نے ایکواڈور کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے آٹھ بین الاقوامی میچ کھیلے، جن میں 2018 اور 2022 کے فٹبال ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ مقابلے شامل تھے۔ قومی ٹیم کے لیے ان کی آخری پیشی 2021 کے کوپا امریکا میں ہوئی تھی۔
پینیڈا نے اپنے پیشہ ورانہ فٹبال کیریئر کا آغاز 2010 میں کلب Independiente del Valle سے کیا، جہاں وہ 2015 تک کھیلے۔ بعد ازاں 2016 میں انہوں نے بارسلونا ڈی گویاکیل میں شمولیت اختیار کی اور کلب کے ساتھ دو لیگ ٹائٹل جیتنے میں اہم کردار ادا کیا۔