(سٹی42)زندہ دلان لاہور ہوجائیں تیار، ڈسٹرکٹ کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے بسنت کی تاریخ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ کائٹ فلائنگ ایسوی ایشن کے سربراہ شیخ سلیم کا کہنا ہے کہ لاہور میں بسنت 9، 10 فروری بروز ہفتہ اور اتوار کو منائی جائیگی۔ پنجاب حکومت کا محفوظ بسنت فیسٹیول میں بھرپورساتھ دیں گے۔
دوسری جانب پنجاب حکومت کے بسنت منانے کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بسنت خونی کھیل کی شکل اختیار کر گیا تھا جس کی وجہ سے پابندی لگائی گئی۔ کوئی بھی ایسی تفریح جو انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بنے۔ اس کی اجازت دینا خلاف آئین ہے۔
درخواستگزار نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے بسنت جیسے خونی کھیل کی اجازت دے رہی ہے۔ ڈور پھرنے کے واقعات سے بے شمار قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور پتنگ بازی کی وجہ سے اربوں روپے کی قومی املاک کا نقصان ہوا۔
صفدر شاہین پیرزادہ نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے بسنت کی اجازت دینے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ نے بسنت پر عائد پابندی ختم کرنے کے فیصلے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کروادی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے بسنت منانے کا غیر دانشمندانہ فیصلہ کیا ہے. سپریم کورٹ آف پاکستان نے 2005میں بسنت پر مکمل پابندی عائد کی تھی۔ پنجاب حکومت نے2009 میں بسنت کیخلاف باقاعدہ قانون پاس کیا تھا۔ پتنگ بازی کی وجہ سےاب تک ہزاروں جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔بسنت اب کھیل نہیں بلکہ انسانی زندگیوں کے خاتمے کا باعث بن چکی ہے لہذا یہ ایوان پر زور مطالبہ کرتا ہے کہ بسنت پر پابندی برقرار رکھی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بسنت منانے کا اعلان کیا تھا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اس حوالےسے10 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے جو بسنت کا تہوار منانے کیلئے تجاویز مرتب کرے گی اور منفی پہلوؤں کی روک تھام کیلئے ایکشن پلان تیار کرے گی۔