عرفان ملک: نواب ٹاؤن کے علاقے میں مبینہ طور پر ڈرائیونگ میں غفلت اور لاپرواہی کے باعث 3 سالہ بچی مشعل جاں بحق ہوگئی، پولیس نے حادثے میں ملوث مبینہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ نواب ٹاؤن میں سٹی سکول کے قریب پیش آیا، جہاں ایک کار کی زد میں آکر کمسن بچی شدید زخمی ہوگئی۔ حادثے کے فوری بعد بچی کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق واقعے کے بعد نواب ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی تھی۔ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے سیف سٹی اتھارٹیز اور نجی سی سی ٹی وی کیمروں سے مدد حاصل کی۔
پولیس کارروائی کے نتیجے میں مبینہ ڈرائیور کی شناخت فیضان شوکت کے نام سے ہوئی، جسے گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔