ویب ڈیسک : یوم عاشور نہایت عظمت اور احترام کا حامل دن ہے، امام حسین ؓ نے اہل بیت ، دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ بے سرو سامانی کے عالم میں ظلم و استبداد کی قوتوں کو للکارا: صدر مملکت کا یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام پیغام
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم عاشورہ 10 محرم الحرام کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہنا تھا کہ یوم عاشور نہایت عظمت اور احترام کا حامل دن ہے، امام حسین ؓ نے اہل بیت ، دیگر جانثار ساتھیوں کے ہمراہ بے سرو سامانی کے عالم میں ظلم و استبداد کی قوتوں کو للکارا۔ امام حسین ؓ اور اہل بیت نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دین اسلام کو حیات نو بخشی ، آج اسلام انہی قربانیوں کی بنا پر زندہ ہے، شہادت امام حسین ؓ ا مت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے، صدر مملکت عارف علوی کا مزیدکہنا تھا کہ حضرت امام عالی مقام ؓ کی شہادت رہتی دنیا تک کے لیے عزم و استقلال کی علامت ہے، ہمیں اپنے اندر نظم و ضبط اور ایثار و قربانی کا جذبہ پیدا کرناہے ، ہمیں باہمی نفرتوں، کدورتوں اور گروہ بندیوں سے پرہیز کرنا ہے،ہمیں اپنے دین، ملت اور ملک کے لیے ہر قسم کی قربانی کے لیے خود کو تیار کرنا ہے۔
صدر مملکت عارف علوی کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے دوران ہم سب کو حسب سابق سخت احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، عاشورہ کے اجتماعات میں حکومت پاکستان کی طرف سے جاری کردہ تمام احتیاطی تدابیر کو اختیار کیا جائے ، ویکسین کے عمل کو جلد از جلد مکمل کر کے خود کو اور دوسروں کو اس وبا سے محفوظ کریں، آج ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنی زندگیوں کو امام حسین ؓ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔