زین مدنی: لالی وڈ کے سینئر اداکار راشد محمود مہروں کے مرض میں مبتلا ہوگئے، 70 سالہ اداکار ان دنوں گھر پر ہی زیر علاج ہیں۔
راشد محمود نے عیادت کرنے والے ساتھی فنکاروں اور دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے علاج کے اخراجات خود برداشت کرنے اور حکومتی مدد نہ لینے کا اعلان کیا ہے راشد محمود کو دو سال قبل دل کا دورہ بھی پڑا تھا، تاہم اس وقت بھی انہوں نے اپنا علاج خود کروایا تھا۔
راشد محمود کا شمار پاکستان کے سینئر اور معروف اداکاروں میں ہوتا ہے ان کا فنی سفر 40 سال سے زائد عرصے پر محیط ہے اور انہوں نے متعدد یادگار ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ان کے نمایاں ڈراموں میں پی ٹی وی کا تاریخی ڈراما ’شاہین‘ شامل ہے، جو نسیم حجازی کے ناول پر مبنی تھا۔ راشد محمود نے ڈرامے میں اسپین کے بادشاہ کنگ فرڈیننڈ کا کردار ادا کیا، جس نے انہیں ملک بھر میں نمایاں شناخت دلائی۔
’لاگ‘ میں انہوں نے بھارتی فوجی افسر کا کردار ادا کیا، جبکہ ’کاجل گھر‘، ’اندھیرا اجالا‘، ’مرزا غالب‘، ’ریاست‘، ’محبت روٹھ جائے تو‘، ’ضرار‘ اور ’ڈور‘ بھی ان کے قابل ذکر ڈراموں میں شامل ہیں راشد محمود نے ’الزام‘، ’شکن‘، ’کالموہ‘، ’غرور‘ اور ’کاہی ان کہی‘ سمیت دیگر ڈراموں میں بھی اداکاری کی۔
ان کی ڈکشن، مکالموں کی ادائیگی، چہرے کے تاثرات اور منفرد اندازِ اداکاری نے انہیں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں ایک نمایاں مقام دلایا۔