ارشاد قریشی :حکومت کی جانب سے سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے فیصلے پر آل پنجاب کریانہ ایسوسی ایشن کا ردعمل سامنے آگیا۔
مرکزی ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر حافظ عارف گجر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں، حتیٰ کہ جنگی حالات میں بھی اشیائے خوردونوش کی دکانیں بند نہیں کروائی جاتیں۔
حافظ عارف گجر نے کہا کہ کریانہ کی دکانیں بند کروانے کے حکومتی فیصلے کی مذمت کے ساتھ مزاحمت بھی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نو بجے کریانہ کی دکانیں بند نہیں کریں گے، جبکہ حکومت کا 11 بجے دکانیں بند کرنے کا فیصلہ بھی کاروبار کیلئے نقصان دہ تھا۔
حافظ عارف گجر نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن لگانا ملک کو پیچھے لے جانے کے مترادف ہے، اس فیصلے کے بعد بزنس کمیونٹی تباہ ہوگی اور زرمبادلہ کے ٹارگٹ مکمل نہیں ہو پائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے بعد دکانوں سے لاکھوں لوگ فارغ کر دیے جائیں گے، سمارٹ لاک ڈاؤن سے بے روزگاری بڑھے گی۔
صدر مرکزی ایسوسی ایشن پنجاب حافظ عارف گجر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہوش کے ناخن لے اور کاروبار کیلئے فری ہینڈ ٹائم دے۔