ارشاد قریشی :راولپنڈی تھانہ نصیر آباد کی حدود میں گھر سے 24 سالہ لڑکی کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ہے، واقعہ خودکشی ہے یا قتل؟ پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق اعوان ٹاؤن میں گھر کے کمرے سے مسکان ارشد کی لاش ملی ہے۔ 24 سالہ مسکان ارشد نے مبینہ طور پر دوپٹے سے پنکھے کے ساتھ پھندا لگایا۔
پولیس کے مطابق اہلخانہ نے بتایا کہ مسکان ارشد کمرے میں اکیلی سوئی ہوئی تھی، صبح کمرہ چیک کرنے پر وہ پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی۔
پولیس کے مطابق مسکان ارشد علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی طالبہ تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ نصیر آباد پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ خودکشی ہے یا قتل، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ مزید حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ اور پولیس تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گے۔