ویب ڈیسک : ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2025 کے 11 ویں میچ میں افغانستان نے محمد نبی کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کو 170 رنز کا ہدف دے دیا۔
ایشیا کپ میں گروپ بی کا یہ اہم میچ ابو ظبی میں کھیلا جا رہا ہے جہاں افغانستان کے کپتان راشد خان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز اسکو رکیے۔محمد نبی 22 گیندوں پر 60 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔ ان کی اس اننگز میں 6 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
اس کے علاوہ ابراہیم زادران اور راشد خان 24،24 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ صدیق اللہ نے 18 اور رحمان اللہ گرباز نے 14 رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سے نوان تھوشارا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ گروپ بی میں سری لنکا 2 میچز میں 2 کامیابیوں کے ساتھ 4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ افغانستان 2 میچز میں ایک کامیابی کے ساتھ 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔
آج اگر افغانستان میچ ہار جاتا ہے تو اس کا ایونٹ میں سفر ختم ہوجائے گا جبکہ میچ جیتنے کی صورت میں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرے گا۔