(بسام سلطان) ترجمان محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کے کورونا اعداد و شمار میں تضاد سامنے آگیا، اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور میں 11 اموات، جبکہ صوبے بھر میں10 اموات رپورٹ ہوئیں۔
ترجمان محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں شہر کے 11 افراد وائرس کی زد میں آ کر جان کی بازی ہار گئے، شہر میں اموات کی مجموعی تعداد 894 ہو گئی، جبکہ لاہور میں77 مزید افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، پنجاب میں کورونا وائرس کے 134نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 1 ہزار 559 ہوگئی۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبہ بھر میں کورونا وائرس سے مزید 10 ہلاکتیں ہوئیں، اموات کی کل تعداد2 ہزار298ہوچکی ہے، اب تک 14 لاکھ 42 ہزار 964 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 97 ہزار 219 ہو چکی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں، شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ کورونا سے ابھی مکمل نجات نہیں ملی دوسری لہر آئی ہوئی ہے ہمیں زیادہ سے زیادہ احتیاط کرنا ہوگی. کورونا کے حوالے سے ہم پر اللہ کا احسان ہے کہ اس کو کنٹرول کیا۔امریکہ ،برطانیہ،فرانس ،جرمنی، اٹلی جیسے ممالک نے کورونا کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے۔مجھے سوچ کر خوف آتا کہ ترقی یافتہ ملک کا بجٹ ہم سے سو گناہ زیادہ ہے وہ مقابلہ نہیں کر پا رہے تو ہم کیسے کریں گے۔