ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پولیو وائرس کے حامیوں کیلئے بری خبر؛ جاپان نے ویکسین کیلئےمزید فنڈز  بھیج دیئے

Polio Eradication Campaign, City42 , Japan's grant , WHO, City42, Polio vaccination Program
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: جاپان کی حکومت نے  پاکستان کے انسدادِ پولیو پروگرام کیلیے 3.5 ملین ڈالر گرانٹ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ جاپان 1996 سے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلیے فنڈنگ کر رہا ہے۔

 جاپان نے 24 لاکھ سے زائد پولیو ویکسین کی خوراکیں خریدنے کے لیے فنڈنگ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 

نیشنل ای او سی کو  گرانٹ فراہم کرنے کے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب اسلام آباد میں ہوئی۔

تقریب میں جاپان اور یونیسیف کے نمائندوں نے معاہدے پر دستخط کیے۔

 جاپان کی اس گراں قدر گرانٹ سے پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے  کے لئے جاری کوشش کو آگے برھانے اور گزشتہ کامیابیوں کو برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔

 پاکستان اس وقت دنیا کے صرف اُن دو ممالک میں سے ایک ہے جہاں پولیو وائرس اب بھی موجود ہے۔ 

پاکستان میں بہت سے ان پڑھے اور بظاہر پڑھے لکھےلوگ پولیو ویکسین کو بچوں کو نامرد اور بچہ پیدا کرنے کی صلاحیت سے محروم کرنے والی کوئی سازش مانتے ہیں۔ پہلے پولیو ویکسین کے متعلق توہمات صرف افغانستان سے آئے ہوئے گھرانوں اور  خیبر پختونخوا کے قبائلی معاشرہ  تک محدود تھے، اب لاہور اور کراچی جیسے ترقی یافتہ شہروں میں بھی پولیو ویکسین کے مخالف پیدا ہو گئے ہیں اور پڑھے لکھے صحافی تک پولیو ویکسینیشن  کی مخالفت کرنے کے بہانے ڈھونڈتے پائے جاتے ہیں۔

نیشنل ای او سی کے ریکارڈ کے مطابق اس سال کے گیارہ مہینوں میں پولیو کے 30 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں جس پر ہنگامی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیو کے خاتمے کے لیے مشترکہ اور مربوط حکمتِ عملی پر تیزی سے عمل جاری ہے۔

وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے پولیو کے خاتمے کے لیے جاپان کے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

انھوں نے  کہا کہ یہ شراکت داری صرف مالی امداد نہیں بلکہ اس سے بڑھ کر یکجہتی اور مشترکہ مقصد کی علامت بھی ہے۔ویکسین کی ہر خوراک پاکستان کو پولیو سے پاک ملک کے ہدف کے مزید قریب لے آتی ہے۔

 پاکستان میں تعینات جاپان کے سفیر نے پاکستان کی صحت عامہ کی ترجیحات کے لیے اپنے طویل المدتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

 یونیسف کے نمائندہ برائے پاکستان، پرنیلا آئیرنسائیڈ نے جاپان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس امداد سے پاکستان کے ہر بچے تک ویکسین پہنچانے میں مدد ملے گی۔

جاپان 1996 سے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے  مدد کر رہا ہے۔ اس عرصہ کے دوران جاپان نے پولیو کے خلاف جنگ میں 245 ملین ڈالر سے زائد کی گرانٹس اور قرضے فراہم کیے ہیں۔