دورِ نایاب :صوبہ بھر میں صاف پانی کی فراہمی اور فوڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل سے پنجاب فوڈ اتھارٹی (PFA) کے وفد نے ملاقات کی، جس کی سربراہی ڈی جی پی ایف اے عاصم جاوید نے کی۔
ملاقات میں واسا اور پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے فلٹریشن پلانٹس کے پانی کے معیار کی جانچ اور بہتری کے لیے تکنیکی رہنمائی حاصل کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ واسا کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی اور پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے فلٹریشن پلانٹس کی کارکردگی میں رہنمائی حاصل کی جائے گی۔
نورالامین مینگل نے مزید کہا کہ ہسپتالوں پر بوجھ کم کرنے میں فوڈ سیفٹی اقدامات عملی کردار ادا کرتے ہیں اور ملاوٹ مافیا کا راستہ روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور فوڈ بزنس آپریٹرز کی رہنمائی بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی کارروائی۔
ڈی جی پی ایف اے نے اعلان کیا کہ صوبہ بھر کے واٹر فلٹریشن پلانٹس کا مکمل معائنہ کیا جائے گا۔ عاصم جاوید کے مطابق دودھ، پانی، گھی، دالیں، سبزیاں اور دیگر مصنوعات کو معیاری بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں تاکہ شہریوں کو صحت مند اور صاف خوراک فراہم کی جا سکے۔