علی ساہی :لاہور صوبے بھر میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء اور تجدید کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
ترجمان ٹریفک کے مطابق رواں ماہ 4 لاکھ 5 ہزار سے زائد شہریوں نے لائسنسنگ سہولیات سے استفادہ کیا۔
اعداد و شمار کے مطابق 1 لاکھ 37 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس بنوائے، جبکہ 1 لاکھ 36 ہزار سے زائد شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے۔ اسی طرح 1 لاکھ 27 ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے لائسنس کی تجدید کروائی۔
ترجمان کے مطابق دو ہزار سے زائد شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی جاری کیے گئے، جبکہ 66 ہزار سے زائد شہریوں نے آن لائن لائسنسنگ پورٹل کے ذریعے سہولیات حاصل کیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے نظام میں مزید جدت، ریفارمز اور شفافیت لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ شہری خدمت مراکز، لائسنسنگ سینٹرز اور آن لائن پورٹل سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
ڈی آئی جی کا مزید کہنا تھا کہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے اور قانون کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔