(24 نیوز)انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیک سمتھ 92 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ، برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق انگلش کپتان نے اپنے کیریئر میں 50 ٹیسٹ میچز میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی۔
تفصیلات کے مطابق مائیک اسمتھ نے 1958 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا جبکہ 1972 میں اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا۔ مائیک سمتھ نے 1958 سے 1972کے درمیان انگلینڈ کے لیے 50 ٹیسٹ میچز کھیلےجس میں انھوں نے مجموعی طور پر 2 ہزار 278 رنز سکور کیے ، انھوں نے 31.63 کی اوسط سے رنز بنائے، انکی مجموعی اننگز میں 3 سچنریاں اور 9 نصف سنچریاں شامل تھیں۔کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے بطور میچ ریفری بھی خدمات انجام دیں اور 4 ٹیسٹ جبکہ 17 ایک روزہ میچز میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے میچ ریفری رہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز مائیک سمتھ جن کا پورا نام مائیکل جان نائٹ سمتھ تھا، اپنے دور کے ایک بہترین کرکٹر اور باوقار کپتان مانے جاتے تھے، وہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ رگبی کے بھی بہترین کھلاڑی تھے۔مائیک سمتھ کی انٹرنیشنل کیرئیر کے دوران بہترین اننگز آسٹریلیا کے خلاف 121 رنز کی تھی ، انھوں نے اپنے کیرئیر کے دوران 51 کیچز پکڑے ، وہ بہترین فیلڈر کے طور پر بھی جانے جاتے تھے۔