ملک اشرف : لیکچرارز کو مستقل نہ کرنے پر سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو ذاتی حیثیت میں لاہور ہائیکورٹ پیش کردیا گیا۔
ہائیکورٹ نے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کو عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے آئندہ سماعت تک مہلت دے دی۔ عدالت نے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے آئندہ سماعت پر عدالتی حکم پر عمل درآمد کی رپورٹ طلب کرلی ۔
سنگل بنچ نے مسز حجاب زہرہ سمیت دیگر کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزاروں کی جانب سے عدیل اصغر ہاشمی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ وکیل درخواست گزار نے کہ کہا کہ دس ، بارہ سال قبل لیکچرارز بورڈ آف گورنرز کے ذریعے تعینات کیے گئے تھے، درخواست گزاروں نے مستقل نہ کئے جانے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ، عدالت نے درخواست گزاروں کو مستقل کرنے کی پٹیشن منظور کرلی۔ عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کیا جارہا ، حکم عدولی پر توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔
سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کے لیے مہلت کی استدعا کی۔ عدالت نے سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔