عمران یونس: اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے ڈبل اور جوائنٹ ڈگری پروگرامز کیلئے نئی جامع پالیسی جاری کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس پالیسی کے تحت پاکستانی اور غیر ملکی جامعات کے درمیان باضابطہ اشتراک کا فریم ورک متعارف کرایا گیا ہے، جس سے طلبہ کو ایک ہی وقت میں دو ڈگریاں حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
نئی پالیسی کے مطابق طلبہ کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم تک رسائی حاصل ہوگی اور مشترکہ ڈگری پروگرامز کے ذریعے عالمی جامعات کے ساتھ براہ راست جڑنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ اس اقدام سے نہ صرف تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی بلکہ ریسرچ روابط، اکیڈمک تعاون اور اسٹوڈنٹ موبیلیٹی کو بھی فروغ ملے گا۔
ایچ ای سی نے پالیسی میں کوالٹی ایشورنس، شفافیت اور ادارہ جاتی احتساب کو مرکزی حیثیت دی ہے، تاکہ ڈگری پروگرامز عالمی معیار کے مطابق رہیں۔ حکام کے مطابق یہ پالیسی جدید تعلیمی تقاضوں اور بین الاقوامی رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے، جو پاکستانی طلبہ کو عالمی سطح پر مقابلے کیلئے بہتر طور پر تیار کرے گی۔
ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور ڈاکٹر ضیا الحق نے اس پالیسی کو اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستانی جامعات کی عالمی درجہ بندی اور معیار میں نمایاں بہتری متوقع ہے۔