ویب ڈیسک: سعودی عرب نے آئندہ عمرہ سیزن کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے زائرین کیلئے اہم تاریخیں جاری کر دیں، جس کے تحت دنیا بھر سے آنے والے افراد اپنی عبادات کی پیشگی منصوبہ بندی کر سکیں گے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق نئے عمرہ سیزن کا آغاز 15 ذوالحج 1448 ہجری سے ہوگا، جس دن سے زائرین کو مکہ مکرمہ میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ عمرہ ویزوں کا اجرا 31 مئی 2026 سے شروع کیا جائے گا۔
مزید برآں، نسوک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹس یکم جون 2026 سے حاصل کیے جا سکیں گے، جس سے درخواست اور اجازت نامے کا عمل مزید آسان ہو جائے گا۔
حکام کے مطابق عمرہ ویزوں کے اجرا کی آخری تاریخ یکم شوال 1448 ہجری (9 مارچ 2027) مقرر کی گئی ہے، جبکہ زائرین کے مکہ میں داخلے کی آخری تاریخ 15 شوال 1448 ہجری (23 مارچ 2027) ہوگی۔ اسی طرح تمام زائرین کو 30 شوال 1448 ہجری (7 اپریل 2027) تک سعودی عرب سے واپسی یقینی بنانا ہوگی۔
سعودی حکام نے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن مکمل کریں اور سفری دستاویزات تیار رکھیں تاکہ عمرہ کی ادائیگی کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔